چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کورونا کا شکار، بختاور کی منگنی میں شرکت مشکوک

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے، جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے عالمی وباء کورونا سے متاثر ہونے کی تصدیق کر دی ہے، سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ ان کا کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آ گئی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے انہوں نے کورونا وائرس کی معمولی علامات ظاہر ہونے پر اپنا ٹیسٹ کروایا جس کی رپورٹ مثبت آ گئی ہے، جس کے بعد خود کو قرنطینہ کر لیا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ وہ گھر سے پارٹی امور انجام دیتے رہیں گے اور پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کی تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے اپنے پیغام میں لوگوں کو چہرا ڈھانپنے اور ماسک پہننے کی تلقین کی ہے تا کہ کورونا وباء کا پھیلاؤ کم کیا جا سکے۔ بلاول بھٹو زرداری کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ان کی اپنی بہن بختاور بھٹو کی منگنی کی تقریب میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری کے دورہ گلگت بلتستان کے بعد ان کے قریبی ساتھیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد چیئرمین پیپلز پارٹی کے کورونا متاثر ہونے کی افواہیں گردش کر رہی تھیں۔

Comments are closed.