نیویارک: وزیر خارجہ بلاول بھٹوزرداری نے بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر سمیت مقبوضہ علاقوں میں خواتین کے خلاف جرائم روکنے اور نگرانی کے لئے ٹھوس طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیاہے۔
نیویارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اعلی سطح کے ایک مباحثے کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خواتین اور لڑکیوں کے خلاف زیادہ ترگھناؤنے جرائم اور وحشیانہ مظالم غیر ملکی زیر تسلط علاقوں میں ہوتے ہیں جہاں لوگوں کو ان کے حق خودارادیت سے محروم رکھاجاتاہے۔ جس کی واضح مثال بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی خواتین ہیں۔
وزیرخارجہ نے کہاکہ دنیا بالخصوص متنازعہ علاقوں میں امن و سلامتی کاقیام اس وقت تک شرمندہ تعبیر نہیں ہو گا جب تک غیرقانونی زیرتسلط علاقوں میں خواتین کی حالت زار اور انہیں درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل نہیں کیاجاتا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں اور بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر سمیت دیگر مقبوضہ علاقوں میں وحشیانہ مظالم اور تشدد کا مقصد شہری آبادی کے حقوق کودباناہے۔
Comments are closed.