نیویارک کے علاقے بروکلین میں فائرنگ اور 20 سے زائد افراد کو زخمی کرنے والے مشتبہ حملہ آور کی گرفتاری کیلئے ایمرجنسی الرٹ جاری، گرفتاری میں مدد کرنے والے کیلئے 50 ہزار ڈالر انعام کا اعلان کر دیا گیا۔
باسٹھ سالہ مشتبہ حملہ آور کی شناخت فرینک آر جیمز کے نام سے ہوئی ہے، پولیس کے مطابق جیمز وسکونسن اور فلاڈیلفیا کا رہائشی ہے۔ جائے وقوعہ سے ملنے والے کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات کے مطابق جیمز نے کرائے پر گاڑی لی، گلاک پستول اور گولیوں کی تین میگزین اور پٹرول کے لئے رقم بھی اسی کریڈٹ کارڈ سے ادا کی، حملہ آور نے فلاڈیلفیا سے کرائے کی وین حاصل کی اسی پر نیویارک پہنچا۔

نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہہ جائے وقوعہ کی موبائل فون سے بنائی گئی ویڈیوز نیویارک پولیس یا وفاقی تحقیقاتی اداروں کو بھجوائی جائیں تا کہ حملہ آور کی جلد از جلد گرفتاری ممکن ہو سکے۔ مشتبہ حملہ آور جیمز سے متعلق معلومات اور گرفتاری میں مدد کرنے والے کے لئے 50 ہزار امریکی ڈالرز انعام کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ مشتبہ حملہ آور فرینک آر جیمز سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر درجنوں ایسی ویڈیوز اپ لوڈ کر چکا ہے جس میں وہ متعصبانہ خیالات کا پرچار کرتا دیکھا جا سکتا ہے، حال ہی میں ملزم نے نیویارک شہر کے میئر ایرک ایڈمز کی پالیسیوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
Comments are closed.