اسلام آباد:نگراں وفاقی کابینہ نے پاکستان میں کویت کی جانب سے سات منصوبوں میں دس ارب ڈالر سرمایہ کاری کی منظوری دے دی۔
نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت نگران وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ کابینہ نے پاکستان اور کویت کے مابین سرمایہ کاری کے لیے سات مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری دی جن پر وزیر اعظم کے دورہ کویت کے دوران دستخط کیے جائیں گے۔خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی کوششوں کے نتیجے میں کویت پاکستان میں مختلف شعبوں کے سات منصوبوں میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرے گا۔ان منصوبوں میں آبی ذخائر کی توسیع، کان کنی کی سہولیات، ساحلی علاقوں کیلئے تمرکے جنگلات کی حفاظت اور توسیع، آئی ٹی کے شعبے اور تحفظ خوراک کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے منصوبے شامل ہیں.
وزیرِ اعظم اور وفاقی کابینہ نے خصوصی سرمایہ کاری کونسل اور متعلقہ وزارتوں کی اس حوالے سے کوششوں کی تعریف کی۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ وفاقی سطح پر دستخط ہونے والی ان مفاہمتی یادداشتوں میں صوبوں کے ساتھ تعاون یقینی بنایا جائے تاکہ ان منصوبوں کی تکمیل جلد اور شفاف طریقے سے ہوسکے،وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی امور اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔
Comments are closed.