اسلام آباد:کابینہ نے وفاقی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی سمری منظورکرلی ، تنخواہوں میں اضافے کا اطلاق مارچ سے ہوگا۔کابینہ نے اسلام آباد کی سیکیورٹی کے لیے جدید نظام سے لیس 100 نئی گاڑیاں خریدنے کی بھی منظوری دے دی ۔
وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں گریڈ 1سے 19 کے وفاقی ملازمین کی بنیادی تنخواہ میں اضافے کی منظوری دی گئی ۔سپریم کورٹ، وزیراعظم سیکرٹریٹ سمیت 17 وفاقی ادارے تنخواہوں میں اضافے سے مستفید نہیں ہونگے۔ تنخواہوں میں ا ضافے سے قومی خزانے پر 21ارب روپے سالانہ بوجھ پڑے گا۔ وزیر ا عظم نے کہاکہ سرکاری ملازمین کی مشکلات سے آگاہ ہیں لیکن تمام سرکاری اداروں اوران کے خسارے کا حجم عوام کے سامنے رکھا جائے،تاکہ عوام کو ملکی معاملات کا علم ہو سکے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ادارہ جاتی اصلاحات کے تحت وفاقی دارالحکومت میں ناکے ختم کرکے پولیس کو 100 جدید گاڑیاں دی جائیں گی اور اس کے اخراجات سی ڈی اے برداشت کرے گا ۔ وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ گاڑیاں آنے کے بعد شہر میں باقی تین ناکے بھی ختم کردیے جائیں گے ۔
اجلاس میں قبضہ مافیا سے سرکاری زمینیں واہگزار کرانے اور فرنٹ لائن طبی عملہ کو ویکسی نیشن سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی ۔کابینہ کو بتایاگیاکہ اب تک تقریباً پچاس ہزار فرنٹ لائن ورکرز کو ویکسین لگائی جا چکی ہے،یکم مارچ سے تمام معاشی سرگرمیوں کو مکمل بحال کر دیا جائیگا۔ وزیر اعظم نے جبری گمشدگیوں سے متعلق قانون جلد پارلیمنٹ میں لانے کی بھی ہدایت کر دی ۔
Comments are closed.