سی سی پی او لاہورعمر شیخ کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے،ان کی جگہ غلام محمود ڈوگر کو نیا سی سی پی او لاہور تعینات کیاگیا ہے، وہ ان دنوں سنٹرل پولیس آفس میں ڈی آئی جی ٹیکنیکل پروکیورمنٹ کے عہدے پر کام کر رہے تھے ۔ عمرشیخ اب ڈپٹی کمانڈنٹ پنجاب کانسٹیبلری ہوں گے ۔
عمر شیخ کو 8 ستمبر 2020 کو سی سی پی او لاہور تعینات کیا گیاتھا۔ ان کی تعیناتی پر مسلم لیگ نون نے سخت رد عمل کا اظہار کیا تھا تاہم وفاقی اور صوبائی حکومت نے ان کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمر شیخ ایک بہترین پولیس آفیسر ہیں اور ان کی تعیناتی شہر میں جرائم پیشہ عناصر اور مافیاز کی سرکوبی کے لیے کی گئی ہے ۔
اب عمرشیخ کو ہٹانے کے بعد کہا جا رہاہے کہ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے انہیں شہر میں جرائم کنٹرول نہ کرنے پرتبدیل کیا ہے۔ عمر شیخ صرف 3 ماہ 22 دن سی سی پی او لاہوررہے ۔ اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں عمر شیخ کاکہنا تھاکہ انہوں نے لاہور کے تمام ایس ایچ اوز کو تبدیل کیا اورکئی قبضہ گروپوں کے افراد سمیت اشتہاریوں کو گرفتارکیا گیاہے ۔ ان کاکہنا تھا کہ مافیاز کے کئی سرغنہ ڈر سے بیرون ملک بھی فرار ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ عمر شیخ کی بطور سی سی پی او لاہورتعیناتی پر آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیاتھا۔ شعیب دستگیر نے عمر شیخ کیساتھ کام کرنے سے انکار کر دیاتھا۔
Comments are closed.