برسلز: کشمیر کونسل یورپ کے چیئرمین علی رضا سید نے سوپور میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت اپنے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قتل و غارت کے ذریعے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو زیادہ دیر تک دبا نہیں سکتا۔
علی رضا سید نے برسلز سے جاری ایک بیان میں کہاکہ گزشتہ روز سوپور میں شہدا کے جنازے میں ہزاروں افراد کی شرکت بھارت کیلئے چشم کشا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوں نے ہمیشہ بھارت کے غاصبانہ تسلط کومسترد کیا ہے اور وہ بھارت سے آزادی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سوپور میں بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام انتہائی قابل مذمت ہے ۔
علی رضا سید نے مزید کہاکہ بھارتی فورسز آئے روز تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں کے دوران نہتے کشمیریوں خاص طورپر نوجوانوں کا قتل عام کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی قابض فورسز کورونا لاک ڈاؤن کی آڑ میں یہ ظالمانہ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
کشمیر کونسل کے چیئرمین نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کے واقعات کی عالمی سطح پر غیرجانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا تاکہ ان گھناؤنے واقعات میں ملوث بھارتی فوجیوں کو سخت سزائیں دلوائی جاسکیں۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے بارے میں علی رضا سید نے کہاکہ مسئلہ کشمیرکے منصفانہ اور پرامن حل سے ہی خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکتا ہے
Comments are closed.