اسلام آباد:وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے نومنتخب چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جس میں حکومتی و اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز اور وفاقی وزراء نے شرکت کی۔۔صادق سنجرانی کہتے ہیں ان کی جیت کا کریڈٹ وزیراعظم عمران خان کو جاتا ہے، جام کمال نے کہاکہ حکمران اتحاد ملکر مسائل حل کرے گا۔
ظہرانے میں وفاقی وزراء علی زیدی،اعظم سواتی ،علی محمد خان ، سینیٹر سیف اللہ نیازی اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اتحادیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ بلوچستان سے جبکہ ڈپٹی چیئرمین فاٹا سے ہو، کوشش ہوگی سب کو ساتھ لے کرچلوں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے بھی انہیں منتخب کرنے پر اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا تھا صادق سنجرانی نے بطور چیئرمین سینیٹ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں، حکمران اتحاد ملکر ملکی مسائل حل کرے گا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، گورنر سندھ عمران اسماعیل، سنئیر صوبائی وزیر علیم خان اور تحریک انصاف کے چیف آرگنائز سینیٹر سیف اللہ نیازی نے بھی چئیرمین سینیٹ سے ملاقات کی اور انہیں جیت پر مبارکباد دی ۔
Comments are closed.