اسلام آباد: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہاہے کہ شہدا ء ہمارے ماتھے کا جُھومر ہیں، کسی کو بھی شہدا ء اور ان کی یادگاروں کی بے حرمتی کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی، پاکستانی عوام کے دلوں میں شہداء کاعظیم مقام ہمیشہ قائم و دائم رہے گا ۔ سانحہ 9 مئی کے تمام ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے سیالکوٹ گیریژن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہاکہ حال ہی میں ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت پیش آنے والے المناک واقعات کی دوبارہ کسی قیمت پر اجازت نہیں دی جائے گی۔شہدا ء ہمارے ماتھے کا جُھومر ہیں جن سے آخرت میں اعلیٰ مقام کا وعدہ کیا گیا ہے ۔ ریاستِ پاکستان اور مسلح افواج تمام شہداء اور ان کے اہل خانہ کو مقدم رکھتی ہے اورپاکستانی عوام کے دلوں میں ان کاعظیم مقام ہمیشہ قائم و دائم رہے گا ۔
سپہ سالار نے تمام فارمیشنز کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہاتے ہوئےہدایت کی کہ اپنی توجہ پروپیگنڈہ وار فئیر سمیت اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نمٹنے پر مرکوز رکھیں۔ آرمی چیف نے یادگار شہداء پر بھی حاضری دی ،پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی ۔
Comments are closed.