قومی قیادت کی توجہ بلوچستان پر،مسلح افواج دشمنوں کوشکست دینے کیلئے چوکنا ہیں، آرمی چیف

پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ موجودہ خطرات میں جامع  قومی ردعمل کی ضرورت ہے، پاکستانی سیکیورٹی فورسز، بلوچستان اور پاکستان کے دشمنوں کو شکست دینے کے لئے چوکنا ہے۔

مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ساتویں بلوچستان نیشنل ورکشاپ کے شرکاء نے راولپنڈی میں پاک فوج کے ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا۔ شرکاء میں ارکان پارلیمنٹ، بیوروکریٹس، نوجوان، سول سوسائٹی، شعبہ صحافت اور تعلیم سے وابستہ کے ارکان شامل تھے، ورکشاپ کا مقصد مستقبل کی قیادت کو بلوچستان سمیت قومی اور صوبائی معاملات کے بارے میں بہتر آگاہی فراہم کرنا ہے۔

پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے قومی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں امن و استحکام سے پاکستان میں ترقی ہوگی، سخت جدوجہد سے حاصل کیے گئے امن کے نتائج سامنے آرہے ہیں اور صوبے میں سماجی اور اقتصادی ترقی کا عمل تیز کرنا ہوگا۔

چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ دیرپا استحکام کیلئے عوام کی بہتری کی حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے، سیکیورٹی فورسز، بلوچستان اور پاکستان کے دشمنوں کو شکست دینے کیلئے چوکنا ہے، قوم امن واستحکام کی راہ میں ہر مشکل گھڑی میں ثابت قدم رہی ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے زور دیا کہ موجودہ خطرات میں جامع قومی ردعمل کی ضرورت ہے، قومی قیادت اور فوج کی مکمل توجہ بلوچستان پر ہے، قومی اور صوبائی سطح پر دیگر ریاستی اداروں کے ساتھ مل کر بلوچستان کی ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔

Comments are closed.