مسلح افواج کی ضروریات، پی او ایف ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ،آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ پاک فوج کی ضروریات پوری کرنے میں پی او ا یف کا کردار کلیدی ہے ،مستقبل کے جنگی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے خودانحصاری کیساتھ جدیدیت ناگزیر ہے ۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر آر می چیف کو پی او ایف کے پیداواری یونٹس ، حاصل اہداف ،مستقبل کے منصوبوں اور اسلحہ سازی میں جدت سے آگاہ کیا گیا۔ سپہ سالار کو مسلح افواج کی آپریشنل ضروریات کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے حصول پر بھی بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پی او ایف کے عزم اور لگن کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ مسلح افواج کی ضروریات پوری کرنے کے لیے پی او ایف ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔مستقبل کے جنگی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے خودانحصاری کیساتھ جدیدیت ناگزیر ہے ۔

آرمی چیف نے حال ہی میں تیارہونے والے نئے ڈسپلے لاونج کا بھی دورہ کیاجہاں پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ میں بننے والی مصنوعات کی نمائش کی جاتی ہے ۔آرمی چیف کو اسلحہ کی برآمدات بڑھانے کے حوالے سے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

Comments are closed.