ہمیشہ ہنسانے والا کروڑوں مداحوں کو رُلا گیا، کامیڈی کنگ عمر شریف انتقال کر گئے

دنیا بھر میں کروڑوں مداحوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے کامیڈی کنگ عمر شریف طویل علالت کے باعث جرمنی میں انتقال کر گئے۔

جرمنی میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر فیصل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں کامیڈی کنگ کے انتقال کی تصدیق کی ہے، انہوں نے سوگوار خاندان کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ پاکستانی قونصل جنرل اسپتال میں موجود ہیں اور غمزدہ خاندان کی ہر ممکن مدد کی جا رہی ہے۔

نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے اینکر وسیم بادامی سے بات کرتے ہوئے ان کی اہلیہ نے عمر شریف کے انتقال کی تصدیق کی، عمر شریف 27 ستمبر کو کراچی سے ایئرایمبولینس کے ذریعے امریکا روانہ ہوئے تھے، طویل سفر کے دوران طبیعت خراب ہونے پر انہیں جرمنی کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا۔

گزشتہ روز طبیعت خراب ہونے پر انہیں ڈائیلاسز پر جانا پڑا، تاہم جرمنی کے اسپتال میں علاج کے دوران پاکستانی وقت کے مطابق دن 12 بجے کے قریب ان کا انتقال ہو گیا، امریکا میں عمر شریف کے معالج ڈاکٹر طارق شہاب کا کہنا ہے جرمنی کے اسپتال میں داخل اداکار کا کل ڈائیلیسز کیا جا سکتا ہے جس کے بعد انہیں امریکا بھیجے جانے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ عمر شریف کو امریکا لے جانے کے لیے ایئر ایمبولینس 26 ستمبر کی شب کراچی ایئر پورٹ پہنچ چکی تھی مگر پھر اداکار کی اچانک طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے ان کی روانگی مؤخر کردی گئی تھی اور وہ 27 ستمبر کو روانہ ہوئے۔

Comments are closed.