اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا وائر س ایک با رپھر تیزی سے پھیلنے لگا۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4340 نئے کیسز سامنے آگئے جبکہ 7 افراد جان کی بازی ہار گئے ۔صورتحال کے پیش نظر این سی او سی کا اہم اجلاس کل دوبارہ طلب کرلیاگیا جس میں حکام نئے اعداد و شمار پیش کر یں گے ۔ تعلیمی اداروں کے حوالے سے بھی اہم فیصلہ متوقع ہے ۔
وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا ء تعلیم و صحت شریک ہوئے جبکہ صوبائی وزراء نے ورچوئل شرکت کی ۔ این سی او سی کو بتایاگیاکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 49 ہزار 809 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4340 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔یوں کورونا مثبت کیسز کی شرح 8.71 فیصد رہی جبکہ 781 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ایک روزمیں نئے کورونا مریضوں کی یہ تعداد گزشتہ پانچ ماہ میں اب تک سب سے زیادہ ہے۔
کورنا کی نئی لہر کے حوالے سے این سی او سی کے کل کے اجلاس میں تعلیم کے شعبے، عوامی اجتماعات، شادی بیاہ کی تقریبات، انڈور،آؤٹ ڈور ڈائننگ اور ٹرانسپورٹ کے حوالے سے نئی نان فارماسیوٹیکل انٹروینشنز تجویز کی جائیں گی ۔ اجلاس میں تعلیمی ادروں کے حوالے سے بھی اہم فیصلوں کا امکان ہے جبکہ صوبوں خصوصاً سندھ حکومت کے ساتھ بڑے پیمانے پر رابطے کا فیصلہ کیا گیاہے ۔ اس سے قبل ہفتے کے روز این سی او سی نے 17 جنوری سے دوران پروازاور پبلک ٹرانسپورٹ میں کھانے اور اسنیکس کی فراہمی پر پابندی کا فیصلہ کیا تھا۔این سی او سی نے حکام کو ویکسی نیشن مہم تیز کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔
Comments are closed.