راولاکوٹ :کورونا وباء کی تیسری لہر، راولاکوٹ کے ایک اور سینئیر ڈاکٹر ہارون الرشید کورونا سے لڑتے ہوئے جان کی بازی ہا ر گئے ۔ڈاکٹر ہارون صاحب شیخ زید النہیان ہسپتال راولاکوٹ میں شعبہ انتہائی نگہداشت کے سابق سربراہ ، گولڈ میڈلسٹ اور مایہ ناز معالج تھے ۔ وہ مشہور ماہر کینسر میجر جنرل ڈاکٹر افتخار کے بھائی تھے۔
شیخ زید ہسپتال راولاکوٹ میں فرائض سر انجام دیتے ہوئے ڈاکٹر ہارون الرشید نے عوام علاقہ اور اپنے شعبے کی بے پناہ خدمت کی ۔ وہ ایک ماہر ڈاکٹر ہونے کے ساتھ انتہائی شفیق اور درد دل رکھنے والے انسان تھے ۔انہوں نے بلا تفریق حسب ونسب ہر مریض کے بہترین علاج کیساتھ دل جوئی کی ۔ کورونا وباء کے دوران بھی وہ پیش پیش رہے اور اپنی خدمات سر انجام دیتے رہے ۔ انہوں نے دو سال پہلے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے لی تھی ،ڈاکٹر ہارون الرشید کے انتقال پر پورا علاقہ سوگوار ہے۔
راولاکوٹ سے تعلق رکھنے والے یہ چھٹے ڈاکٹر ہیں جو کورونا وباء کا شکار ہو کر خالق حقیقی سے جا ملے۔ اس سے قبل سینئیر چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر صادق خان ، ڈاکٹرسردار محمدحلیم خان،میڈیکل اسپیشلسٹ ڈاکٹر خالق شاہین کی جواں سال صاحبزادی ڈاکٹر ثناء خالق ، سینئیر گائناکالوجسٹ ڈاکٹر یاسمین ( مقیم کراچی ) دبئی میں وباء کے دوران مریضوں کا علاج کرتے ہوئے کورونا کا شکار ہونے والے میڈیکل اسپیشلسٹ ڈاکٹر محمد عثمان اور سعودی عرب میں مقیم ڈاکٹر سمیر سعیدبھی کورونا وباء کے باعث انتقال کر چکے ہیں۔
ڈاکٹر ہارون الرشید کی رحلت پر آزادکشمیر کی ڈاکٹرز کمیونٹی ، پیرا میڈیکل اسٹاف اور سیاسی و مذہبی رہنماوں ، وزیر صحت آزادکشمیر ڈاکٹر نجیب نقی ، سابق صدر و وزیر اعظم سردار محمد یعقوب خان ، سابق وزیر اطلاعات و نشریات سردار عابد حسین عابد ،امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر خالد محمود اور دیگرنے گہرے غم و رنج کا اظہا رکرتے ہوئے مرحوم کی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔
ڈاکٹرہارون الرشید کی نمازجنازہ کل(بروز جمعہ ) دن 11 بجے کالج گراونڈ راولاکوٹ میں جبکہ دن 3 بجے آبائی گاوں ہورنہ میرہ میں ادا کی جائے گی ۔
Comments are closed.