اسلام آباد:پاک فضائیہ کا طیارہ چین سے کورونا ویکسین سائنو فارم کی پانچ لاکھ ڈوزز لے کر پاکستان پہنچ گیا۔ویکسین چینی سفیر نے وزیر خارجہ اور معاون خصوصی صحت کے حوالے کی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور معاون خصوصی ڈاکٹرفیصل سلطان نے نور خان ائیر بیس پر ویکسین وصول کی۔ابتدائی طور پر کورونا ویکسین کووڈ 19 کے خلاف جنگ لڑنے والے فرنٹ لائن ورکرز کو لگائی جائے گی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں، چین نے ایک با ر پھر دوستی کا حق ادا کیا، حکومت چین کے شکرگزار ہیں۔
اس موقع پر پاکستان میں چین کے سفیر نے کہاکہ پاکستان پہلا ملک ہے جسے ویکسین فراہم کی گئی ہے۔پہلے مرحلے میں کورونا ویکسین 3 فروری سے رجسٹرڈ فرنٹ لائن ورکرز کو ویکسین لگائی جا ئے گی ۔ اس حوالے سے این سی او سی اور وزارت صحت نے ملک بھر میں انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
درجہ حرارت کو برقرار اور وقت بچانے کے لیے سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان کو ویکسین طیاروں کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔ ویکسی نیشن کے پہلے مرحلے کے لیے پنجاب میں 189 اور سندھ میں 14 مراکز جبکہ خیبر پختونخوا میں 280، بلوچستان میں 44 اور اسلام آباد میں 14 ویکسینیشن سینٹر قائم کیے جا چکے ہیں۔ آزاد کشمیر میں 25 اور گلگت بلتستان میں بھی 16 مراکز کے ذریعے ویکسینیشن کی جائے گی۔
Comments are closed.