کورکمانڈرز کانفرنس:سیاسی  شرپسندوں کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کا فیصلہ

 راولپنڈی : آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت  خصوصی کورکمانڈرز کانفرنس ہوئی ۔ شرکاء نے سیاسی شرپسندوں کی جانب سے جلاؤ گھیراؤ اور فوجی تنصیبات پر حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی اورفوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں خلاف پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت کارروائی  کا فیصلہ کیاگیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں شرکاء نے مخصوص سیاسی مفادات کے لیے پیدا شدہ امن و امان کی صورتحال کا جامع جائزہ لیا۔ فورم کو بتایا گیاکہ پاک فوج کے  اندر عسکری تنصیبات کے نقصانات اور جلاؤ گھیراؤ پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے،ناقابلِ تردید شواہد کی بنیاد پر افواجِ پاکستان ان حملوں کے منصوبہ سازوں، اُکسانے والوں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے تمام مجرموں سے بخوبی واقف ہیں۔فورم نے واضح کیا کہ شرمناک پروپیگنڈہ کا مقصد مسلح افواج اور پاکستان کی عوام کے درمیان خلیج اور افواج کے اندر دراڑ پیدا کرنا ہے۔ دُشمن قوتوں کے شیطانی پروپیگنڈہ کو عوام کی حمایت سے شکست دی جائے گی۔ آرمی چیف نے فارمیشنز کی جانب سے تحمل اور پختہ ردِ عمل  کی بھی تعریف کی۔

کورکمانڈرز کو آگاہ کیا گیاکہ ایک ذاتی سیاسی ایجنڈےکے حصول کے لیے شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی، تاریخی عمارتوں کو نذرِ آتش کرنا اور فوجی تنصیبات کی توڑ پھوڑ کے منصوبے پر عملدرآمد  کامقصد ادارے کی بدنامی تھا،فورم نے واضح کیا کہ فوجی تنصیبات اور مقامات پر حملہ کرنے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور امن و امان کیلئے رکاوٹ ڈالنے والوں سےآہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔فورم نے موجودہ غیر مستحکم سیاسی صورتحال میں قومی سطح پرتمام اسٹیک ہولڈرز کے اتفاقِ رائے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ فورم نے ملک میں سیکورٹی فورسز کے کامیاب انسداد دہشتگردی، انٹیلی جنس آپریشنز کو سراہا اور  مسلم باغ حملے کا بھرپور جواب دینے اور شہید ہونے والے جوانوں کی عظیم قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔۔

Comments are closed.