پاک فوج کا عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کو ہر قسم کا مطلوبہ تعاون فراہم کرنے کا فیصلہ

راولپنڈی :کورکمانڈرز کانفرنس میں فیصلہ کیا گیاہے کہ پاک فوج عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کو ہر قسم کا مطلوبہ اورضروری تعاون فراہم کرے گی ۔فورم نے دہشت گرد وں کی پڑوسی ملک میں محفوظ پناہ گاہوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیاکہ دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کیساتھ طاقت سے نمٹا جائے گا۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرکی زیر صدارت دو روزہ کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں ملک دشمن قوتوں اورسہولت کاروں کے خلاف پوری طاقت سے نمٹنے کا عزم کیاگیا۔ فورم نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی بھی سخت مذمت کی ۔

آئی ایس پی آ رکے مطابق فورم نے دہشت گرد گروپوں کی پڑوسی ملک میں محفوظ پناہ گاہوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کی کارروائیاں اور جدید ترین ہتھیاروں کی دستیابی پاکستان کی سکیورٹی کے لیے سنگین خطرہ ہیں، دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کے خلاف طاقت کے ساتھ نمٹا جائے گا۔۔کور کمانڈرز کانفرنس نے مقبوضہ کشمیر میں شہریوں کے اغوا، تشدد اور قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کی کارروائیاں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم ہیں۔ بھارتی فوج کے مظالم کشمیریوں کےحق خوداردیت کے جذبے کو پست نہیں کرسکتیں۔ فورم نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی مذمت کی ۔

کورکمانڈرز کانفرنس نے غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے جاری کوششوں کی حمایت کا بھی اعادہ کیا ،،شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک فوج ، ا سمگلنگ اور منی لانڈرنگ سمیت دیگر جرائم کی روک تھام کےلیے متعلقہ اداروں کو ہر طرح کی مدد فراہم کرتی رہے گی۔

Comments are closed.