آرمی چیف کی زیر صدارت کورکمانڈرزکانفرنس،مسلح افواج کی جنگی تیاریوں پر مکمل اعتماد کااظہار

 راولپنڈی :آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کورکمانڈرزکانفرنس ہوئی۔ کور کمانڈرزکانفرنس شرکاءنے مشرقی سرحدوں اور خصوصاً لائن آف کنٹرول کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ملٹری آپریشنز کے درمیان جنگ بندی معاہدے سے متعلق سمجھوتے پر تبادلہ خیال کیا۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق شرکاء نے مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ کور کمانڈرز نے کہاکہ مظلوم کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز نے خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والے قبائلی اضلاع میں سیکیورٹی کی صورتحال پر بھی غور کیا ۔ شرکاء نے کہاکہ سول انتظامیہ اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کو چاہیے کہ وہ ان علاقوں میں ترقیاتی پلان پر عملدرآمد تیز کریں ۔

کورکمانڈرز نے افغان امن عمل کے حوالے سے ہونے والی مثبت پیش رفت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا اور شرکاءکو دوست ممالک کے ساتھ فوجی روابط سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ کور کمانڈرز نے کہاکہ کورونا پر قابو پانے کیلئے سول انتظامیہ کی مکمل حمایت جاری رکھی جائے گی ۔۔

Comments are closed.