راولپنڈی :آرمی چیف کی زیرصدارت کورکمانڈر کانفرنس منعقد ہوئی جس میں پاکستانی حدود کے اندر بھارتی میزائل گرنے پرتشویش کااظہارکیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی صدارت میں 248 ویں کو رکمانڈر کانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی ۔ کانفرنس میں داخلی ، علاقائی اور بین الاقوامی سیکیورٹی کیساتھ پاک فوج کے پیشہ ورانہ امور اورمغربی سرحدوں کی سکیورٹی صورتحال کاجائزہ لیا گیا۔شرکاء نے بھارت کی جانب سے پاکستان کی حدود میں میزائل گرائے جانے کے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کے غلطی تسلیم کرنے کے بعد متعلقہ عالمی فورمز کو صورتحال کا نوٹس لینا چاہئے، بھارت کے اسٹریٹیجک اثاثوں کے حفاظتی اور سیکیورٹی پروٹوکول پر بھی نظر رکھی جائے، ایسےواقعات خطے کے امن و استحکام کو سنگین خطرے سے دوچار کر سکتے ہیں۔ کور کمانڈرز نے کہاکہ وطن عزیز کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں اور جاری انسداد دہشت گردی آپریشنز کو سراہا اور ہدایت کی کہ او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس اور یوم پاکستان پریڈ کے پرامن انعقاد کیلیے سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔اجلاس میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور تیاریوں پر بھی مکمل اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
Comments are closed.