اسلام آباد: پاکستان میں کورونا کی وباء ہرگزرتے دن کے ساتھ خطرناک شکل اختیار جا رہی ہے، جان لیوا وائرس مزید 59 پاکستانیوں کی زندگیاں نگل گیا جب کہ 3 ہزار سے زائد نئے کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر(این سی او سی) کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس کی دوسری لہر نے ایک روزمیں مزید 59 افراد کی جان لے لی، جس کے بعد ملک میں مجموعی اموات کی تعداد 7 ہزار803 ہوچکی ہے، نئی ہونے والی اموات میں سے پنجاب میں 25 ،سندھ 13، خیبرپختونخوا 9 اور اسلام آباد میں 6 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
این سی او سی کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 41 ہزار583 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 3 ہزار9 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی، جس کے بعد اب تک پاکستان میں رپورٹ ہونے والے مجموعی تعداد 3 لاکھ 82 ہزار892 تک پہنچ گئی ہے۔
ملک کے مختلف علاقوں میں کورونا کیسز کی بات کی جائے تو اب تک سندھ میں سب سے زیادہ 1لاکھ 66 ہزار33 کورونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، پنجاب میں 1لاکھ 15ہزار786، خیبرپختونخواہ میں 45 ہزار314 کورونا مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے، اسلام آباد میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 27 ہزار979 اور بلوچستان میں 16 ہزار891 ہو چکی ہے، ملک میں فعال کیسز کی تعداد 42 ہزار115تک پہنچ گئی۔
Comments are closed.