دنیا بھر میں کورونا کیسز کی تعداد 5 کروڑ تک پہنچ گئی

 خبر رساں ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق وائرس کی دوسری لہر دنیا بھر میں تمام مصدقہ کیسز کا ایک چوتھائی ہے۔دنیا بھر میں کورونا کیسز کی تعداد 5 کروڑ تک پہنچ چکی ہے جس میں یورپ ایک کروڑ 20 لاکھ کیسز اور 3 لاکھ سے زائد اموات کے ساتھ عالمی مرکز قرار دیا گیا ہے۔

امریکا میں لگاتار 3 دن تک یومیہ ایک لاکھ 25 ہزار مثبت کیسز سامنے آنے کے بعد کیسز کی تعداد ایک کروڑ سے زائد ہوچکی ہے جب کہ شمالی اور جنوبی ڈکوٹا کی ریاستیں فی کس شرح اموات کے باعث سب سے آگے ہیں۔

یورپ میں کورونا وائرس نے برطانیہ کو اپنا گڑھ بنا رکھا ہے جہاں سب سے زیادہ 49 ہزار سے زائد اموات ہوچکی ہیں جب کہ 20 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آنے کے ساتھ مزید 156 ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوئی ہیں۔فرانس میں کورونا سے مزید 271 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 40 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

بھارت اور برازیل میں بھی کورونا نے تباہی مچارکھی ہے جہاں بھارت میں اب تک کیسز کی تعداد 85 لاکھ سے زائد ہوگئی ہے اور ہلاکتیں بھی ایک لاکھ 27 ہزار سے تجاوز کرگئی ہیں جس سے بھارت دنیا میں کووڈ سے متاثرہ دوسرا بڑا ملک ہے۔برازیل کا نمبر تیسرا ہے جہاں کل کیسز کی تعداد 56 لاکھ سے زیادہ ہے اور ہلاکتیں ایک لاکھ 62 ہزار سے زائد ہیں۔

پاکستان میں یومیہ کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس سے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 46 ہزار سے زائد ہوچکی ہے اور اموات 7 ہزار تک جا پہنچی ہیں

Comments are closed.