اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے گندم اور چینی کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت گندم اور چینی کے موجودہ ذخائر، طلب و رسد اور مستقبل میں ملکی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے درآمد اور بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں سے متعلق جائزہ اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔
وزیرِاعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت گندم اور چینی کی وافر دستیابی کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے گندم اور چینی کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ صوبائی حکومتیں گندم مارکیٹ میں لائیں تا کہ وافر مقدار میں گندم کی دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔
عمران خان نے بیرون ممالک سے درآمد کی جانے والی گندم کے ملک میں پہنچنے کا تفصیلی شیڈول بھی طلب کر لیا جب کہ چینی کے حوالے سے وزیرِاعظم نے چیف سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ شوگر ملز میں موجود اسٹاک کی موقع پر جا کر تصدیق کرائی جائے۔انہوں نے پنجاب اور سندھ کے چیف سیکرٹریز کو گنے کی کرشنگ کی تاریخ اور گنے کی سرکاری قیمت کا اعلان جلد از جلد کرنے کی ہدایت کی۔
بعدازاں وفاقی کابینہ نے بھی چینی کی قیمتیں بڑھانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے فیصلے کی منظوری دی۔ کابینہ کو بتایاگیا کہ نجی شعبے کی جانب سے درآمد شدہ 4 لاکھ 30 ہزار ٹن گندم ملک میں پہنچ گئی ہے، مزید6 لاکھ 60 ہزار ٹن کے انتظام کیے جارہے ہیں۔ سرکاری سطح پر ٹی سی پی کی جانب سے چھ لاکھ تیس ہزار ٹن گندم کی درآمد کے انتظام مکمل کر لئے گئے ہیں۔
Comments are closed.