کشمیری بھائیوں کا خون کے آخری قطرے تک دفاع کریں گے، ترجمان پاک فوج

بھارتی  فوج کی ایل او سی کے  نہتے شہریوں پربلا اشتعال  فائرنگ ، چار شہری  شہید جبکہ 12  زخمی  ہوگئے ۔پاک  فوج کا جوان بھی جام  شہادت نوش کر گیا۔

ترجمان  پاک  فوج  نے کہا ہے کہ بھارتی فوج  کپواڑہ میں  مجاہدین کے ہاتھوں  بھاری جانی  نقصان  کی  خفت  مٹانا  چاہتی ہے ۔ مادروطن اور کشمیری بھائیوں کا خون کے آخری قطرے تک دفاع کریں گے ۔

  آئی  ایس پی آر کے مطابق 7  اور 8 نومبر کی درمیانی رات کپواڑہ میں بھارتی فوج اورمجاہدین کے درمیان جھڑپ  ہوئی ۔یہ واقعہ نیلم ویلی کی  دوسری جانب  مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے میں ہوا۔ واقعے میں چار بھارتی فوجی  ہلاک ہوئے جس کی وجہ سے بھارتی فوج کو اپنی عوام کے سامنے شدید ہزیمت اٹھانا پڑی۔ اپنی  خفت  مٹانے کے لیے  قابض  بھارتی فوج نے ایل او سی کے کئی  سیکٹرز پر 13  نومبر کو بلااشتعال فائرنگ شروع کر دی ۔ فائرنگ میں  بھارتی فوج  توپ  خانہ  اور بھاری  ہتھیار کا استعمال کر رہی ہے ۔

پاک فوج نے بھارتی جارحیت   کا  انتہائی موثر جواب دیتے ہوئے بھارتی  چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا جس  سے بھارتی فوج کو جانی ومالی نقصان اٹھانا پڑا۔ بھارتی میڈیا نے بھی اس  تصدیق  کی ہے ۔ترجمان  پاک  فوج نے واضح کیاکہ معصوم شہریوں کو نقصان پہنچانا بھارتی فوج کی جانب سے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے ، پاک  فوج مادروطن اور کشمیری بھائیوں کا خون کے آخری قطرے تک دفاع کرے  گی ۔

Comments are closed.