پلوامہ فتح کو متنازعہ بناناکسی صورت قبول نہیں، ایازصادق کے بیان پرپاک فوج کا سخت ردعمل

ایاز صادق کے بیان پر فوجی قیادت سے لے کر سپاہی شدید غصہ پایا جاتا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ گزشتہ روز گمراہ کن بیان میں تاریخی حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کی گئی،ایاز صادق کے بیان پر فوجی قیادت سے لے کر سپاہی شدید غصہ پایا جاتا ہے۔ پلوامہ فتح کو متنازعہ بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں۔

مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے ڈی جی میجر جنرل بابر افتخار نے راولپنڈی میں مختصر پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ آج کی پریس کانفرنس کا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے، انہوں نے کہا کہ پلوامہ واقعے کے بعد بھارت کو منہ کی کھانا پڑی۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پلوامہ واقعہ پر پاکستان نے بھارت کو نہ صرف دن کی روشنی میں منہ توڑ جواب دیا، بلکہ اس کے دو جنگی طیارے مار گرائے گئے، دشمن اس ساری کارروائی کے دوران اتنا بدحواس ہوا کہ اپنے ہی ہیلی کاپٹر کو مار گرایا۔

میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستانی قوم اور مسلح افواج کو سرخرو کیا اور بھارت اپنی ہزیمت کا ملبہ رافیل طیاروں کی عدم دستیابی پر ڈالتا رہا، پاکستان نے اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کرنے کے ساتھ ساتھ امن کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے امن کو ایک اور موقع دینے کیلئے بھارت کے پکڑے گئے ونگ کمانڈر ابھی نندن کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ابھی نندن کی رہائی کو کسی اور چیز سے جوڑنا گمراہ کن ہے، پاکستان کی فتح اور امن کی خواہش کو دنیا بھر میں سراہا گیا، پاک فوج منظم ادارہ ہے اس کا ہر جوان نظم و ضبط کا پابند ہے، پاکستانی مسلح افواج اندرونی و بیرونی حالات سے آگاہ اور ہر سازش کو ناکام بنانے کے لئے تیار ہیں۔

میجرجنرل بابرافتخار نے کہا کہ بدقسمتی سے گزشتہ روز ایک سیاسی رہنما کی جانب سے ایسا غیرذمہ دارانہ بیان دیا گیا جسے میرے خیال میں پلوامہ واقعے کے بعد تاریخی حقائق کو مسخ کرنے کی پاکستان کی فتح کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی گئی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ منفی بیانیے کے براہ راست قومی سلامتی پر اثرات ہوتے ہیں، یہی بیانیہ ہندوستان کی شکست اور ہزیمت کو کم کرنے کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے، ہائبرڈ وار مسلط کی جا چکی ہے سب کو ذمہ داری کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا، افواج پاکستان تمام صورتحال پر نظر رکھتے ہوئے اور ہر قسم کے چیلنجز پر قابو پانے کے لئے تیار ہے۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کےرہنما سردار ایاز صادق نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ ابھی نندن کی گرفتاری کے بعد وزیراعظم عمران خان نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں بھیجا اور بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کا پیغام بھجوایا، ایازصادق کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی کے پسینے چھوٹ رہے تھے اور ان کا کہنا تھا کہ ابھی نندن کو رہا نہ کیا گیا تو بھارت رات 9 بجے پاکستان پرحملہ کر دے گا۔

Comments are closed.