اسلام آباد: آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہلی ختم کی جائے ،سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرے گی ۔سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے تیار درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ کسی بھی امیدوار کی نااہلی صرف چیلنج الیکشن کی حد تک رکھی جائے ۔
پٹیشن کے مسودے میں کہا گیاہے کہ کسی بھی امیدوار کی نااہلی عدالت میں چیلنج الیکشن کی حد تک محدود کی جائے جبکہ از خود نوٹس اور سپریم کورٹ کے خصوصی اختیارات سے متعلق مقدمات میں بھی اپیل کا حق دیا جائے۔سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے موقف اختیارکیاکہ کسی امیدوار کو تاحیات نااہل قرار دینا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، سپریم کورٹ بلدیاتی انتخابات میں قرار دے چکی ہے کہ منتخب نمائندگان کو عوام سے دور نہیں رکھا جاسکتا،غلطی کرنے والوں کو نظرثانی اور معافی کا حق نہ دینا اسلامی تعلیمات کے بھی خلاف ہے۔
درخواست میں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور عمران خان کے مقدمات کا حوالہ دیا گیا ہے، سپریم کورٹ بار نے درخواست میں وفاقی حکومت کو فریق بنایا ہے۔ تا حیات نا اہلی ختم کرنے سے متعلق درخواست جلد سپریم کورٹ میں دائر کی جائے گی۔
Comments are closed.