بھارت نے افغانستان کو پاکستان کیخلاف دہشت گردی کا گڑھ بنا رکھا ہے، ڈاکٹر معید یوسف

مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے واضح کیا ہے کہ جب تک بھارت مقبوضہ کشمیرمیں یکطرفہ اورجارحانہ اقدام واپس نہیں کرتا،بات چیت نہیں ہوسکتی،بھارت کو پاکستان میں دہشت گردی روکنی ہوگی۔

مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے بھارتی صحافی کرن تھاپر کو دیئے اپنے دوسرے انٹرویو میں کہا کہ جب تک بھارت مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر آمادہ نہیں ہوتا مودی سرکار سے بات نہیں ہوسکتی، ہر پاکستانی آخری وقت تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

ڈاکٹر معید یوسف کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے علاقائی امن کو خراب کرنے کے لئے تخریب کاری کے ثبوت موجود ہیں، انہوں بھارتی صحافی کو واضح بتایاکہ لاہوردھماکے کے تانے بانے بھارت سے جڑتے ہیں اوراس کے ثبوت بھی سامنے رکھ دیے ہیں، بھارت کو پاکستان میں دہشت گردی روکنی ہوگی۔

 مشیر قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ بھارت کی حکومت آر ایس ایس اور فاشسٹ ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، پاکستان ہمیشہ امن کے لیے کوشاں رہا ہے مگر بھارت کی ہندوتوا سوچ آڑے آرہی ہے، بھارتی وزیرخارجہ نےقبول کیاکہ بھارت نے ایف اے ٹی ایف کو سیاسی عزائم کیلئےاستعمال کیا۔

 ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے مسئلے کے لیے سیاسی حل کے لیے کوشش کرتا رہے گا، بھارت نے افغانستان کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کا گڑھ بنا رکھا ہے، پاکستان میں سوال اٹھایاجا رہا ہے کہ کیا مودی ہندوتوا حکومت سےایک مہذب رویے کی امید کی جاسکتی ہے۔

مشیر قومی سلامتی نے بھارتی صحافی سے پوچھا کہ کیا وجہ ہے کہ بھارت میں مودی کو ہٹلر سے مطابقت دی جا رہی ہے، کرن تھاپر کے پاس اس سوال کا کوئی جواب نہ تھا، ڈاکٹر معید یوسف نے بھارت میں کرونا کی صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا، مشیر قومی سلامتی نے کرن تھاپر کو پاکستان آنے کی دعوت بھی دی۔

Comments are closed.