اسلام آباد: حکومت کی جانب سے آرڈیننس کے ذریعے انتخابی ضابطہ اخلاق میں تبدیلی، الیکشن کمیشن کی لیگل ٹیم نے اٹارنی جنرل سے ملاقات کرکے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔اٹارنی جنرل نے جواب دیاکہ تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے کر آرڈیننس جاری کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی قانونی ٹیم اور اٹارنی جنرل کی ملاقات میں کوئی پیشرفت نہ ہو سکی ۔ اٹارنی جنرل نے الیکشن کمیشن کی قانونی ٹیم سے کہاکہ تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے کر آرڈیننس جاری کیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ضابطہ اخلاق آرڈیننس کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا آج دوبارہ اجلاس ہو گا۔اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیاجائے گا۔
اس سے قبل چیف الیکشن کمشنرکی زیر صدارت اعلی سطح مشاورتی اجلاس ہوا جس میں حکومتی آرڈیننس کا جائزہ لیا گیا جبکہ قانونی ٹیم نے آرڈیننس کے مختلف قانونی پہلوؤں پر بریفنگ دی۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ نئے آرڈیننس میں آئینی اور قانونی پیچیدگیاں ہیں واضح رہے کہ حکومت نے آرڈیننس کے ذریعے انتخابی ضابطہ اخلاق میں تبدیلی کرکے ارکان پارلیمنٹ کو انتخابی مہم میں حصہ لینے کی اجازت دے دی ہے۔
Comments are closed.