الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی،اسپیکراسد قیصرکو نوٹس جاری

   پشاور:ضلعی الیکشن کمیشنر صوابی نے اسپیکر اسد قیصر کو نوٹس جاری کر دیا۔ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر سردار مظہر حسین نے اسد قیصر کو 13 دسمبرکو ساڑھے 11 بجے طلب کر لیا،الیکشن کمیشن نے چئیرمین پیمرا کو بھی مراسلہ جاری کرتے ہوئے کہاکہ پیمرا اسد قیصر کی آڈیو کا فارنزک کرائے اور 15 دسمبر تک تفصیلات فراہم کی جائیں۔

 نوٹس میں کہا گیاہے کہ اپ کی ایک آڈیو گردش میں ہے جس میں آپ ووٹرز کو ترقیاتی منصوبے دینے کا وعدہ کر رہے ہیں، اپ پارٹی امیدواروں کو کہ رہے ہیں کہ جلد ملٹی ملین منصوبوں کے ٹینڈرر جاری ہو رہے ہیں، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر وضاحت کے لیے ذاتی حیثیت میں ضلعی الیکشن کمشنر صوابی کے دفتر آئیں۔

الیکشن کمیشن نے چئیرمین پیمرا جاری مراسلے میں کہا ہے کہ نیوز چینلز پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی آیڈیو گردش میں ہے۔ اسد قیصر ووٹ کے بدلے ترقیاتی منصوبوں کا وعدہ کر رہے ہیں۔ یہ قانون کے تحت کرپٹ پریکٹس ہے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ پیمرا اسد قیصر کی آیڈیو کا فارنزک کرائے اورمعاملے پر تفصیلات 15 دسمبر تک فراہم کرے۔ الیکشن کمیشن نے ایم پی اے ثمر ہارون بلور کو اور ایم این اے شوکت علی کو بھی نوٹسز جاری کرتے ہوئے طلب کرلیا۔ رکن قومی اسمبلی شوکت علی کو 12 دسمبر جبکہ ثمر ہارون بلور کو 13 دسمبر کو طلب کیا گیا۔دونوں ارکان کو ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر پشاور کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 دوسری جانب نوٹس پر صوبائی اسمبلی میں ا پوزیشن لیڈر اکرم درانی نے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر کے سامنے پیش ہوکر آئندہ خلاف ورزی نہ کرنے کی یقین دہانی کرادی۔اکرم درانی نے بیان حلفی میں کہا کہ میں نے جان بوجھ کر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں کی۔

Comments are closed.