اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات پارٹی بنیادوں پر کرانے کا فیصلہ کرلیا جبکہ بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔وزیر اطلاعات خیبر پختونخواہ کامران بنگش کہتے ہیں، بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کیےجا چکے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا جس میں خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات پارٹی بنیادوں پر کرانے کا فیصلہ کیاگیا۔ الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ آفیسران کو امیدواروں سے کاغذات نامزدگی وصول کرتے وقت متعلقہ کالم میں پارٹی کا نام لکھنے کی ہدایت کی ہے۔
الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ پارٹی ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے امیدوار اپنا ٹکٹ انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ کے وقت یا ریٹرننگ آفیسر کے پاس جمع کروا سکتے ہیں۔کونسل کی ہر کیٹگری میں جتنی سیٹیں مختص ہیں، سیاسی جماعتیں اتنے امیدوار وں کو ہی ٹکٹ جاری کر سکتی ہیں ۔سیاسی جماعتوں کے سربراہان ضلعی سطح پر ایک عہدیدارمقرر کریں گی جو پارٹی ٹکٹ جاری کرے گا۔پارٹی سربراہان مقررہ کردہ عہدیداران کی لسٹ 15 نومبر تک صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپختونخواہ کو بھجوائیں گے تاکہ ریٹرننگ آفیسر نشانات الاٹ کر سکیں۔ ویلج اور نیبر ہوڈ کونسلوں کی تمام کیٹگری کے بیلٹ پیپر وں پر تمام امیدواروں کے نام ونشانات پرنٹ کئے جائیں گے۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےوزیر اطلاعات خیبر پختونخواہ کامران بنگش نے کہاکہ بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کیےجا چکے ہیں۔
دوسری جانب بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن ممبران پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سماعت کی ۔ الیکشن کمیشن کے استفسار پر بلوچستان حکومت کے نمائندے نے بتایا کہ حلقہ بندیاں صوبائی حکومت کا اختیار ہے،وزیر اعلیٰ بلوچستان صوبے میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کے خواہاں ہیں اور اس معاملے پر آئندہ ہفتے الیکشن کمیشن سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے کہاہے کہ ہم اب بلوچستان انتخابات کے معاملے پر آرڈر جاری کریں گے۔الیکشن کمیشن نے بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
Comments are closed.