الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے نتائج تک پنجاب کی 5 مخصوص نشستوں پر نوٹیفکیشن روک دیا

 اسلام آباد:پنجاب کی پانچ مخصوص نشستوں پر نوٹیفکیشن کے  حوالے سے الیکشن کمیشن نے محفوظ فیصلہ سنا تے ہوئے الیکشن کمیشن نے پنجاب کی پانچ مخصوص نشستوں کے حوا لے سے  درخواست نمٹا دی، الیکشن   کمیشن نے ضمنی انتخابات کے نتائج تک پنجاب  کی 5مخصوص نشستوں پر نوٹیفکیشن روک دیا۔ پی ٹی آئی اور نون لیگ کی درخواستیں خارج کر دی گئیں۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے سماعت کی، فریقین کے وکلاء کے دلائل اور جواب الجواب کے بعد فیصلہ محفوظ کیا گیا۔ اٹارنی جنرل اشتر اوصاف اور ایڈوکیٹ جنرل پنجاب شہزاد شوکت بھی الیکشن کمیشن پیش ہوئے جبکہ پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری جبکہ ن لیگ کے وکیل خالد اسحاق نے اپنے اپنے دلائل مکمل کئے۔ دلائل کے بعد الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے نتائج تک مخصوص نشستوں پر نوٹیفکیشن روک دیا۔

واضح رہے پنجاب اسمبلی کے 25 منحرف اراکین اسمبلی کو الیکشن کمیشن نے ڈی نوٹیفائی کیا تھا، 20 جنرل سیٹوں کے علاوہ 5 مخصوص نشستوں کے اراکین کو بھی ڈی نوٹیفائی کیا گیا تھا، مخصوص نشستوں میں 3 خواتین اور 2 اقلیتی اراکین شامل ہیں۔

پی ٹی آئی کی طرف سے الیکشن کمیشن میں3 خواتین اور2 اقلیتی نشستیں انہیں دینے کی درخواست دی گئی تھی جبکہ ن لیگ کی جانب سےپنجاب اسمبلی کے موجودہ تناسب پر مخصوص نشستوں پر ارکان کی نامزدگی کی درخواست دائر کی گئی تھی۔

Comments are closed.