این اے 75 ڈسکہ کا ضمنی الیکشن کالعدم قرار، الیکشن کمیشن کا حلقے میں دوبارہ انتخاب کا حکم

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن کو کالعدم قرار دیتے ہوئے پورے حلقے میں دوبارہ انتخاب کرانے کا حکم دے دیا۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن نے این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی انتخاب میں مبینہ دھاندلی اور بدانتظامی کے خلاف ن لیگ کی درخواست پر سماعت کی، کمیشن نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا جسے بعد ازاں سنا دیا گیا۔

الیکشن کمیشن نے قرار دیا کہ 19 فروری کو ضمنی انتخاب میں لڑائی جھگڑے، تشدد  اور فائرنگ سے ماحول خراب ہوا، ووٹر کو حق رائے دہی کیلئے آزادنہ ماحول فراہم نہیں کیا گیا، جس کی وجہ  سے این اے 75 ڈسکہ میں صاف، شفاف، منصفانہ انتخاب نہیں ہوسکا، فائرنگ کے واقعات کرکے ووٹرز کو ڈرایا دھمکایا گیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے مختصر فیصلے میں قرار دیا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ 75 ڈسکہ میں ہونے والے ضمنی انتخاب شفاف انداز میں نہیں ہوئے، پولنگ کے دن امن و امان کی صورتحال بھی ٹھیک نہیں تھی۔

فیصلے میں کہا گیاہے کہ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او سیالکوٹ، اسسٹنٹ  کمشنر اورڈی ایس  پی  ڈسکہ ،ڈی ایس پی  سمڑیال کو معطل  کیا جائے ، معطل افسران کو  آئندہ  الیکشن  ڈیوٹی پر مامور نہ کیا جائے ۔ فرائض میں    غفلت پر چیف سیکریٹری اورآئی جی پنجاب کو بھی  4 مارچ  کوطلب  کرلیاگیاہے ۔ الیکشن کمیشن نے  ہدایت کی کہ  کمشنر گوجرانوالا ڈویژن اور آر پی او کو  ڈویژن سے  باہر ٹرانسفر کیاجائے ۔

Comments are closed.