عمران خان 14 کروڑ،شہبازشریف 24 کروڑ ،بلاول بھٹو 1 ارب 60 کروڑ کے اثاثوں کےمالک

اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے وزیراعظم شہباز شریف، سابق وزیراعظم عمران خان اور دیگر سیاسی رہنماوں کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دیں۔ چئیرمین تحریک انصاف کے اثاثوں میں 6 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔ عمران خان 14 کروڑ ، شہباز شریف 24 کروڑ روپے سے زائد جبکہ بلاول بھٹو 1 ارب 60 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں ۔

عمران خان 14 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد کے ا ثاثوں کے مالک ہیں۔ان کے 2020 کی نسبت 2021 کے اثاثوں میں 6 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہواہے ۔ دستاویز کے مطابق سال 2020 میں عمران خان کے اثاثوں کی کل مالیت 8 کروڑ روپے سے زائد تھی جبکہ ان پر 7 کروڑ روپے سے زائد کا قرض بھی تھا۔سال 2021 کے اثاثوں کے مطابق عمران خان کے ذمہ کچھ واجب الادا نہیں۔عمران خان نے گوشواروں میں زمان پارک، میانوالی اور بھکر میں وراثتی زمین ظاہر کیں جبکہ بنی گالا گھر کو گفٹ ظاہر کیا ہے، عمران خان کے پاس گرینڈ حیات اسلام آباد ٹاور میں ایک فلیٹ 1 کروڑ 19 لاکھ روپے کا ہے۔دستاویز کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا اندرون یا بیرون ملک کوئی کاروبار نہیں، عمران خان کے پاس ذاتی گاڑی بھی نہیں جبکہ بینک بیلنس 6 کروڑ 3 لاکھ روپے سے زائد ہے ۔

پی ٹی آئی چیئرمین کے دو ڈالرز اکاؤنٹس میں 3 لاکھ 29 ہزار ڈالرز ہیں۔عمران خان نے اثاثوں میں 2 لاکھ روپے مالیت کی 4 بکریاں بھی ظاہر کی ہیں اور 5 لاکھ مالیت کا فرنیچر ہے۔عمران خان نے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے اثاثوں کی تفصیلات بھی جمع کروائی، بشریٰ بی بی کے پاس 431 کینال کی پاکپتن میں دو مختلف زمینیں ہیں جبکہ بشریٰ بی بی بنی گالا اسلام آباد میں 3 کینال کے گھر کی مالک بھی ہیں۔

دستاویز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 24 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد کے اثاثوں کیساتھ 14 کروڑ روپے کے مقروض ہیں، انہوں اپنے بیٹے سلمان شہباز سے 6 کروڑ سے زائد کا قرض لے رکھا ہے۔شہباز شریف کے پاس دو گاڑیاں اور 2 کروڑ کا بینک بیلنس ہے، شہباز شریف بیرون ملک 13 کروڑ 74 لاکھ روپے کے اثاثوں کے بھی مالک ہیں ۔شہباز شریف نے اپنی بیگمات نصرت شہباز اور تہمینہ درانی کے اثاثے بھی ظاہرکیے ہیں۔ نصرت شہباز 23 کروڑ روپے کے اثاثوں کی ٍجبکہ تہمینہ درانی 57 لاکھ 60 ہزار روپے کے اثاثوں کی مالکن ہیں۔

 وزیر خارجہ بلاول بھٹو 1 ارب 60 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں جبکہ ان کے ذمہ 3 لاکھ 34 ہزار روپے واجب الادا ہیں۔بلاول بھٹو نے بیرون ملک کاروبار بھی ظاہر کیے ہیں، ان کا بینک بیلنس 12 کروڑ روپے سے زائد کا ہے۔سابق صدر آصف علی زرداری 71 کروڑ 42 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں ، ان کا بیرون ملک کوئی کاروبار نہیں ۔پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی 21 کروڑ 96 لاکھ روپے اثاثوں کے مالک ہیں ،سابق اسپیکراسد قیصر ساڑھے 8 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں جبکہ1 کروڑ 17 لاکھ سے زائد کے مقروض ہیں۔

عمر ایوب 1 ارب 19 کروڑ سے زائد جبکہ سابق وزیر دفاع پرویز خٹک 16 کروڑ 71 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں ، پرویز خٹک 2 کروڑ 56 لاکھ روپے کے مقروض بھی ہیں۔ پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل اسد عمر 68 کروڑ 71 لاکھ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں، ان پر 11 کروڑ 12 لاکھ روپے کا قرض بھی ہے۔ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد 15 کروڑ 98 لاکھ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں ، شیخ رشید احمد نے 10 کروڑ روپے زمین فروخت کرنے کے عوض ایڈوانس بھی لے رکھا ہے۔

Comments are closed.