الیکشن کمیشن بکاخیل امن وامان کیس:صوبائی وزیرشاہ محمد 5 سال کے لیے نااہل قرار

 اسلام آباد:خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات،الیکشن کمیشن نے ضلع بنوں کی تحصیل بکاخیل امن و امان کیس کا فیصلہ سنا دیا۔ صوبائی وزیر شاہ محمد کو پولنگ اسٹیشن پر حملے اوربدامنی کا ذمہ دار قرار دے کر پانچ سال کے لیے نااہل قرار دے دیا گیا۔الیکشن کمیشن نے پولیس کو مقدمات درج کرکے تمام افرادکو گرفتار کرنے کا بھی حکم دےدیا۔

 الیکشن کمیشن کے فیصلے میں کہا گیاہے کہ تحقیقات میں ثابت ہوا صوبائی وزیر شاہ محمد خان بکا خیل پولنگ اسٹیشن پر حملے، پولنگ اسٹاف کے اغوا اور ا نتخابی مواد چھیننے کے مرتکب قرار پائے ہیں، انہیں رکن صوبائی اسمبلی کی حیثیت سے نا اہل کیا جاتاہے ،الیکشن کمیشن نے شاہ محمد کو ڈی نوٹیفائی بھی کردیا۔

الیکشن کمیشن نے شاہ محمد کے بیٹے مامون الرشید کیخلاف بھی فوجداری مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ مامون الرشید بھی کارروائی مکمل ہونے تک الیکشن نہیں لڑ سکتے۔ الیکشن کمیشن نے اسسٹنٹ پریزائڈنگ آفیسر محبت خان ، حمید اللہ اور قدرت اللہ کیخلاف بھی محکمانہ کاروائی کا فیصلہ کیا ہے ۔

Comments are closed.