ملک میں کورونا وباء کی خراب صورتحال کے پیش نظر اسلام آباد اور پنجاب و خیبرپختونخوا کے مخصوص اضلاع میں تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر اسلام آباد میں اہم اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرائے تعلیم و صحت، ہائیرایجوکیشن کمیشن سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی،اجلاس میں کورونا وائرس کی صورتحال، وباء کے تدارک کے لئے حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر بریفنگ دیتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ لاہور میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ تشویشناک حد تک بڑھ گیا ہے، خیبرپختونخوا کے کچھ اضلاع اور آزاد کشمیر کے بعض علاقوں میں بھی وباء کی یہی صورتحال خراب ہے،تاہم سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں بیماری کی شدت قدرے کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ وباء کی صورتحال کے جائزہ کے بعد وفاق اور صوبوں نے فیصلہ کیا ہے کہ جن علاقوں میں 15 مارچ سے 28 مارچ تک تعلیمی ادارے بند کیے گئے تھے اُن میں 11 اپریل تک توسیع کر دی گئی ہے، وفاقی دارالحکومت کے ساتھ ساتھ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مخصوص علاقوں میں سکول، کالجز، یونیورسٹیز، اکیڈمیز اور مدارس مکمل بند رہیں گے، تاہم تعلیمی اداروں کی انتظامیہ عملے کو بلانے کا فیصلہ خود کر سکتی ہے۔
لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، ملتان ، فیصل آباد،سیالکوٹ،سرگودھا اور شیخوپورہ میں تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ پنجاب کے دیگر اضلاع میں پرانے شیڈول کے مطابق اسکول کھلیں گے۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے اسکول سیل کردیے جائیں گے۔
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ بچوں کی تعلیم کا حرج اپنی جگہ ہے تاہم انکی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، امتحانات کے حوالے سے سکولوں کی انتظامیہ، متعلقہ حکام کے ساتھ مشاورت کریں، اس بار امتحانات ملتوی نہیں کرسکتے، امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اے اور او لیول کے امتحانات 26 اپریل سے شروع ہو رہے ہیں، اس صورتحال کے تناظر میں کیمبرج انتظامیہ کے ساتھ بات چیت کریں گے، اور ان کے حوالے سے حتمی فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت نے کہا کہ پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان، کشمیراور گلگت بلتستان کی حکومتیں اور انتظامیہ وباء کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے تعلیمی اداروں کی بندش سے متعلق خود فیصلہ کر سکتی ہیں۔ ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے 7 اپریل کو دوبارہ اجلاس بلایا جائے گا، جس میں تعلیمی اداروں کو کھولنے یا نہ کھولنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
Comments are closed.