اسلام آباد: پاکستان میں عالمی وباءکے پھیلاؤ اور تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز سامنے آنے کے معاملے پر بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس میں سکولوں کی بندش کا فیصلہ نہ ہو سکا، صوبوں نے تعلیمی ادارے بند کرنے کی مخالفت کردی، حتمی فیصلہ 23 نومبر کے اجلاس میں متوقع ہے۔
ملک بھر میں کورونا کے بڑھتے کیسز اور تعلیمی اداروں میں وباء کے پھیلاؤ کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس ہوئی، جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے تعلیم، گلگت بلتستان اور کشمیرکے متعلقہ حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کی زیرصدارت اجلاس کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے حوالے سے اعداد و شمار پیش کیے گئے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے اجلاس میں کورونا پھیلاو کے حوالے سے ملکی، علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، سیکرٹری نیشنل ہیلتھ سروس نے اپنی سفارشات بین الصوبائی وزرا تعلیم کانفرنس کو پیش کیں جب کہ صوبائی وزرا نے اپنے متعلقہ صوبوں کی، ایجوکیشن سیکٹر کی صورت حال سے فورم کو آگاہ کیا۔
اجلاس کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس میں آج چھٹیوں یاسکولوں کی بندش کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس 23 نومبر پیر کو 11 بجے دوبارہ ہوگی، سیکرٹری ہیلتھ کی جانب سے تجویز دی گئی کہ تمام وزرائے آئندہ اجلاس سے قبل ہیلتھ اتھارٹیز کی مشاورت سے سفارشات تیار کریں۔ آئندہ ہونے والے اجلاس میں وباء کی صورتحال کا جائزہ لے کر تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق قومی رابطہ کمیٹی برائے کوویڈ 19 کا اجلاس آج شام کو ہوگا، جس کی صدارت وزیراعظم عمران خان کریں گے، وفاقی وزیر تعلیم و و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کا کہنا ہے کہ 23 نومبر پیر کو سردیوں کی تعطیلات اورسکولوں کی بندش سے متعلق حتمی فیصلہ ہوگا، آج ہونے والے بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کی مشاورت اور سفارشات قومی رابطہ کمیٹی میں پیش کی جائیں گی۔
دوسری جانب پنجاب کے وزیرتعلیم ڈاکٹر مراد راس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں بتایا ہے کہ پنجاب میں اسکولز بند کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا،23 نومبر کو تعلیمی ادارے بند کرنے سے متعلق دوبارہ اجلاس ہوگاجس میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
Comments are closed.