نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک میں کورونا صورتحال کے باعث ملک پھر میں 8 سے 16 مئی تک نقل و حمل، تجارتی سرگرمیوں پر پابندیوں کا اعلان کر دیا۔ عیدالفطر کے موقع پر 6 سرکاری تعطیلات ہوں گی۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا اہم اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں ملک کے اندر کورونا وائرس کی صورتحال، ویکسینیشن سمیت وباء پر قابو پانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، جس کے بعد فورم نے عیدالفطر کی چھٹیوں کے حوالے سے گائیڈ لائنز جاری کر دیں۔
این سی او سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملک بھر میں 8سے 16 مئی تک”گھر رہو محفوظ رہو” کی حکمت عملی پر عمل درآمد کیا جائے گا، عید الفطر پر 10 سے 15 مئی تک سرکاری تعطیلات ہوں گی، زیادہ چھٹیوں کا مقصد عید کے دوران ملکی سطح پر نقل حمل کو محدود کرنا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق یوم علی، شب قدر، اعتکاف، جمعتہ الوداع کےلیے جاری گائیڈ لائنز پر عمل درآمد یکم مئی سے ہو گا، گھر رہو محفوظ رہو” کی حکمت عملی کے تحت تمام مارکیٹس، دکانیں، کاروبار بند رہیں گے، این سی او سی کا چاند رات بازاروں پر پابندی کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام مہندی، جیولری اور کپڑوں کے اسٹالز پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق تفریحی مقامات اور ان کے ارد گرد موجود ہوٹلز بھی بند رہیں گے،تمام تفریحی مقامات، پبلک پارکس، شاپنگ مالز 8 سے 16 مئی تک بند رہیں گے۔ بین الصوبائی، انٹر اور انٹرا سٹی پبلک ٹراپنسپورٹ پر پابندی ہو گی، نجی گاڑیوں، رکشوں اور ٹیکسیز کو 50 فیصد سواریوں کے ساتھ اجازت ہو گی، 7 مئی تک ملک بھر میں اضافی ٹرینیں چلائی جائیں گی۔
این سی او سی نے ہدایت کی ہے کہ الیکٹرانک میڈیاعید کی چھٹیوں میں تفریحی پروگرامز، فلمز اور ڈرامے نشر کرے، تا کہ لوگوں کو گھروں تک محدو رکھنا ہے، عید کی چھٹیوں بجلی کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے گی، کھانے پینے کی دکانیں، میڈیکل اسٹورز، پیٹروم پمپس کھلے رہیں گے، این سی او سی، گائیڈ لائنز ریستورانوں سے کھانا لے جانے کی اجازت ہو گی۔
Comments are closed.