پاکستان میں عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے، کورونا وائرس سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیرکے تحت کراچی، اسلام آباد، لاہور، پشاور سمیت ملک بھر کی مساجد، امام بارگاہوں اور عید گاہوں میں نماز عید ادا کی گئی۔
ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں عیدالفطر کی نماز کے اجتماعات ہوئے، نماز کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی،خوشحالی اور کورونا وائرس کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، فلسطین و مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور مسلم ممالک میں جاری فتنوں، نفرتوں کے خاتمے کے لئے بھی اللہ رب العزت کی بارگاہ میں دعا کی گئی۔
عالمی وباء سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیرکے تحت مساجد انتظامیہ کے علاوہ نمازی اور اہل خیر مساجد میں کورونا ایس اوپیز کے تحت سہولت کی فراہمی کے لیے سرگرم ہیں، مساجد اورعید گاہوں میں ایس او پیز کی نگرانی کے لیے ضلعی انتظامیہ بھی متحرک ہوگئی،حفاظتی اقدامات پراٹھنے والے اخراجات کیلیے وزارت مذہبی امورسندھ یا محکمہ اوقاف کی جانب سے کوئی مالی مدد نہیں کی گئی۔
عید کی نماز سے قبل مساجد، عیدگاہوں میں جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کیا گیا، عید الفطرکے موقع پرنمازیوں کوکورونا کی وبا سے محفوظ رکھنے کیلیے بعض علاقوں میں مساجد کی انتظامیہ باجماعت نمازعید کی ادائیگی کے موقع پر احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کے لیے مرکزی داخلی دروازوں پر سینی ٹائزر گیٹ کی بجائے کولڈ واٹر کولر پیڈسٹل پنکھے(اسپرے فین ) نصب کیے گئے جو سینٹائزر گیٹس کا کام کر رہے ہیں۔
Comments are closed.