الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ کی رائے کا جائزہ لینے کے بعد اس بار خفیہ رائے شماری کے ذریعے سینیٹ الیکشن کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اہم اجلاس ہوا، جس میں چاروں الیکشن کمیشن اراکین و اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں سپریم کورٹ کی جانب سے سینیٹ انتخابات کے حوالے سے دی گئی رائے کا بغور جائزہ لیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے تمام معاملات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد سینیٹ انتخابات پرانے طریقہ کار کے مطابق خفیہ رائے شماری کے ذریعے کرانے کا فیصلہ کیا، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ وقم کم ہونے کے باعث سینیٹ الیکشن کا نیا طریقہ کار وضع کرنا ممکن نہیں۔
الیکشن کمیشن سینیٹ انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے تمام اقدامات اٹھائے گا، اس مقصد کے لئے سینیٹ انتخابات میں ٹیکنالوجی کے استعمال کےلیے کمیٹی بنادی گئی ہے، کمیٹی آئندہ الیکشنز میں شفافیت لانے کے لئے ٹیکنالوجی کے استعمال کا میکنزم اور منصفانہ انتخابات کرانے کیلئے چارہفتوں میں رپورٹ دے گی۔
اعلامیے کے مطابق اسپیشل سیکرٹری کی سربراہی میں قائم خصوصی کمیٹی نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)، فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی سے انتخابی شفافیت کیلئے تجاویز لے گی۔
Comments are closed.