مارچ کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ،بجلی 3 روپے 15 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونےکاامکان

 اسلام آباد:بجلی صارفین کے لئے بری خبر، مارچ کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 3 روپے 15 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کاامکان ہے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بھی 41 ارب 98 کروڑ روپے سے زائد کا بوجھ عوام پر ڈالنے کی درخواست بھی دائر کردی گئی ہے۔ نیپرا الگ الگ سماعتوں کے بعد فیصلہ کرے گی۔

سنٹرل پاورپرچیزنگ ایجنسی کے مطابق مارچ میں 10 ارب یونٹ سے زائد بجلی پیدا کی گئی، پانی سے 16.35 فیصد ،کوئلے سے 24.83 فیصد اورمہنگے فرنس آئل سے 10.62 فیصد بجلی پیدا کی گئی ۔ درآمدی ایل این جی سے 18.87 فیصد اور جوہری ایندھن سے 15.01 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔درخواست پر 27 اپریل کو سماعت ہوگی ، منظوری کی صورت میں صارفین پر30 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑےگا۔

دوسری جانب سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت کیپسٹی چارجز ترسیلی اخراجات مینٹی ننس چارجز اور نقصانات کی مد میں 41 ارب 98 کروڑ روپے سے زائد وصولی کی درخواست دائر کردی گئی ہے۔ نیپرا 28 اپریل کو سماعت کرے گا۔

Comments are closed.