عوام کیلئے بری خبر۔۔۔ بجلی 1 روپے 52 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان

مہنگائی کے ستائے عوام کے لئے ایک اور بری خبر۔۔۔۔ دو ماہ کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپے 52 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ہے، نیپرا 30 دسمبر کو سماعت کے بعد فیصلہ کرے گی۔

سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اکتوبر کیلئے بجلی 57 پیسے فی یونٹ اور نومبر کے لئے 95 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی ہے، سی پی پی اے کے مطابق اکتوبر میں بجلی کی پیدواری لاگت 4روپے 11 پیسے فی یونٹ رہی جبکہ بجلی کی ریفرنس فیول لاگت 3 روپے 75 پیسے فی یونٹ تھی۔

سی پی پی اے کی درخواست کے مطابق اکتوبر میں پانی سے 31 فیصد، کوئلے سے 18.70 فیصد، مقامی گیس سے 11.18 فیصد بجلی پیدا کی گئی، اکتوبر میں درآمدی ایل این جی سے 27.83 فیصد بجلی پیدا کی گئی، نومبر میں پانی سے 39.98 فیصد، کوئلے سے 14.65 مقامی گیس سے 5.84 فیصد اور درآمدی ایل این جی سے 25.59 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ نومبر میں بجلی کی پیداواری لاگت 3 روپے42 پیسے فی یونٹ رہی جبکہ ریفرنس فیول لاگت 2 روپے 48 پیسے فی یونٹ تھی ، نیپرا سی پی پی اے کی درخواست پر 30 دسمبر کو سماعت کرے گا  سماعت کے بعد بجلی کی قیمت میں اضافے کے حوالےسے فیصلےکا امکان ہے۔

Comments are closed.