پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ ، باؤلنگ اور فیلڈنگ ایک مرتبہ پھر ناکام ثابت ہوئی، انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو پہلے ون ڈے میچ میں 9 وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی، ڈیوڈ ملان اور زاک کرولی نے ناقابل شکست نصف سنچریاں سکور کیں۔
جمعرات کو کارڈف میں کھیلے جارہے تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ کے کپتان بین سٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ کی ناتجربہ کار ٹیم نے پاکستان کی بیٹنگ لائن کو بے بس کردیا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم 36 ویں اوور میں ہی 141 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ قومی ٹیم کی طرف سے اننگز کا آغاز اوپنر فخر زمان اور امام الحق نے کیا تاہم پہلے ہی اوور میں ثاقب محمود نے امام الحق اور کپتان بابر اعظم کو آؤٹ کردیا، دونوں اوپنرز صفر پر پویلین واپس لوٹ گئے۔ پاکستان کی تیسری وکٹ 17 کے مجموعی سکور پر گری جب محمد رضوان 13 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
اپنا ڈیبیو میچ کھیلنے والے سعود شکیل کی متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف 5 سکور بنا سکے۔ اس دوران اوپنر فخر زمان اور صہیب مقصود نے مل کر سکور کو آگے بڑھایا۔ دونوں کے درمیان 69 گیندوں پر 53 رنز کی پارٹنر شپ بنی۔ دونوں نے مشکل وقت میں وکٹ کے چاروں اطراف خوبصورت شارٹس کھیلے۔ تاہم 79 کے مجموعی سکور پر صہیب مقصود 19 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔
فخرزمان نے47 رنز کی بہترین اننگز کھیلی ، ان کی اننز میں 6 چوکے بھی شامل ہیں جبکہ شاداب خان 30 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ دیگر بلے بازوں میں شاہین آفریدی 21 ، فہیم اشرف 5، حسن علی 6، بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انگلش فاسٹ باؤلر ثاقب محمود نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ پارکنسن اور اورٹن نے دو دو جبکہ لوئس گریگوری نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس طرح قومی ٹیم 36 ویں اوورز میں141 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ انگلینڈ کو پہلے ون ڈے میچ میں فتح کے لئے 142 رنز کا آسان ہدف ملا۔ انگلینڈ نے 142 رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر 22ویں اوور میں ہی حاصل کرلیا۔ ڈیوڈ ملان اور زاک کراولی نے باؤلرز کو بے بس کر دیا اور وکٹ کے چاروں اطراف خوبصورت شارٹس کھیلتے ہوئے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔
ڈیوڈ ملان 68 اور زاک کراولی58 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ انگلینڈ کے واحد آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فل سالٹ تھے، وہ صرف 7 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے۔ انگلش فاسٹ باؤلر ثاقب محمود کو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ اس فتح کے بعد انگلینڈ نے 3 ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔
Comments are closed.