پاکستان کو 4 ارب 28 کروڑ ڈالر کی بیرونی فنڈنگ موصول

اقتصادی امور ڈویژن نے رواں مالی سال جولائی سے نومبر تک حاصل ہونے والے بیرونی قرضوں اورگرانٹ کی تفصیلات جاری کر دیں۔ اس دوران حکومت کو مجموعی طور پر چار ارب اٹھائیس کروڑ ڈالر کی بیرونی فنڈنگ موصول ہوئی ۔ سترہ ارب اکسٹھ کروڑ ڈالر کے سالانہ ہدف میں سے اب تک چوبیس فیصد فنڈز مل چکے ہیں ۔ اپریل 2024 تک بیرونی ادائیگیوں میں بڑا ریلیف مل گیا۔ 

اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق سعودی عرب نے 2 ارب ڈالر کے ٹائم ڈیپازٹس جمع کرائے جبکہ ادھار تیل کی مد میں بھی 50 کروڑ ڈالر کی سہولت فراہم کی گئی ۔نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کی مد میں بیرون ملک سے 40 کروڑ 74 لاکھ ڈالرحاصل کیے گئے ۔عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک سمیت عالمی مالیاتی اداروں سے 78 کروڑ 66 لاکھ ڈالر ملے تاہم رواں مالی سال 5 ارب 33 کروڑ ڈالر ملنے کا تخمینہ ہے ۔چین، فرانس، جاپان، امریکہ سمیت دیگر ملکوں نے بھی 8 کروڑ 30 لاکھ ڈالر فراہم کیے ۔

وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق دسمبر تک ا سکوک بانڈز جاری کرنے کا فیصلہ موخر کر دیا گیا ہے کیونکہ اپریل 2024 تک آئی ایم ایف کی بقیہ دو قسطیں بھی وصول ہو چکی ہوں گی، عالمی درجہ بندی بہتر ہونے کےبعد پاکستان اپریل 2024 میں کم شرح سود پر اسکوک بانڈز جاری کرے گا اور اس وقت تک مہنگے قرضے حاصل نہیں کرے گا۔

Comments are closed.