پیدا ہی دوہری شہریت کےساتھ ہوا ہوں،کاغذی کارروائی کا علم نہیں،فیصل واوڈا

اسلام آباد: سینیٹر فیصل واوڈا نے کہاکہ وہ پیدا ہی دوہری شہریت کے ساتھ ہوئے ہیں۔کاغذی کارروائی کا علم نہیں،الیکشن کے وقت پاسپورٹ سرنڈر کردیا تھا ۔ الیکشن کمیشن نے فیصل واووڈا سمیت تمام فریقین کو تحریری معروضات اور دلائل کیلئے آخری موقع دےدیا۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے فیصل واووڈا نااہلی کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ ثابت ہے کہ آپ دوہری شہریت کے حامل تھے،شہریت چھوڑی ہے تو اس کا سرٹیفکیٹ بھی پیش کریں۔فیصل ووڈا نے موقف اختیارکیاکہ ان کے وکیل کے اہلخانہ بیمار ہیں،ممکن ہے وکیل کو اہلخانہ کےعلاج کیلئے باہر جانا پڑے،خود آنے کا مطلب ہے کہ ہم کیس کو سنجیدہ لے رہے ہیں۔ممبر سندھ نثار درانی نے معاون وکیل سے استفسار کیاکہ کیا آپ کیس کی فائل لے کر آئے ہیں؟معاون وکیل نے کہاکہ کیس فائل سینئیروکیل کے پاس ہے، نثار درانی نےکہا کہ آپ طے کرکے آئے ہیں کہ کیس چلنے نہیں دینا۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ فیصلہ محفوظ کر لیتے ہیں، فیصل ووڈا صاحب آپ تحریری دلائل جمع کروا دینا، یاآپ خود دلائل دیدیں تو فیصلہ کرلیں گے ۔فیصل واوڈا نے کہاکہ وہ پیدا ہی دوہری شہریت کیساتھ ہوئے ،چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ سوال یہی ہے کہ کاغذات نامزدگی کے وقت دوہری شہریت تھی یا نہیں،فیصل وائوڈا نے کہا کہ ان کو کسی بھی ملک کی کاغذی کارروائی کا علم نہیں، اپنا پاسپورٹ سرنڈر کر دیا تھا جسے ریٹرننگ افسر نے تسلیم بھی کیا،شہریت چھوڑنے کے سرٹیفکیٹ کا اب علم ہوا،حاصل کرنے کی کوشش کروں گا،کیس بطور ایم این اے تھا، اس نشست سے مستعفی ہوچکا ہوں۔

 جیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اب ہمیں مقدمات نمٹا کر اگلے الیکشن کی تیاری کرنی ہے، چیف الیکشن کمشنرکیس کو مزید التواء کا شکار نہیں ہونے دینگے، آئندہ سماعت پر کوئی نہ آیا تو فیصلہ محفوظ کر لینگے، الیکشن کمیشن نے فیصل واووڈا سمیت تمام فریقین کو تحریری معروضات اور دلائل کیلئے آخری موقع دیتے ہوئے سماعت 23 دسمبر تک ملتوی کردی۔

 

Comments are closed.