پشاور: میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمیعت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ ہماری جنگ حکومت کیساتھ ہے اسٹیبلشمنٹ کیساتھ نہیں، اس سے ہمیں گلے شکوے ہیں اور شکایت اپنوں سے ہی ہوتی ہے، ریاستی اداروں کیساتھ ہماری سوچ کا احترام کیا جائے اور اسٹیبلشمنٹ سیاسی جماعتوں کو توڑنا چھوڑ دے۔
ایک سوال پرمولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں حصہ نہ لیا تو سینیٹ بھی نااہلوں سے بھرجائے گا۔اگر اس ملک کو بچانا ہے تو اس حکومت سے نجات حاصل کرناہوگی ، ملک میں دوبارہ شفاف انتخابات کرائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب خطرے میں ہے، آنے والی حکومت اسے ختم کردے گی، نیب افسران حدود میں رہیں، ذاتی دشمنیاں نہ پیدا کریں۔
سربراہ جے یو آئی ف نے کہا کہ براڈ شیٹ نے حکومت کی کارکردگی کا پول کھولاہے جبکہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے حکومت کے کرپشن کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے، فارن فنڈنگ کیس ،پی ٹی ائی کے گلے میں پھندا ہے ۔
فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم پر ہاتھ ڈالنا ملک کو تقسیم کرنے کے مترادف ہوگا، اس سے صوبوں کا احساس محرومی بڑھے گا جو بغاوت کی تحریکوں میں بدل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج فاٹا میں بیٹھی ہوئی ہے انضمام کا کوئی فائدہ نہیں ہوا، قبائلی اضلاع میں دہشتگردی کے واقعات ہو رہے ہیں۔
Comments are closed.