مولانا فضل الرحمان اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مقرر، پیپلز پارٹی ناخوش

اسلام آباد: جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو حکومت مخالف اتحاد پی ڈی ایم کا سربراہ مقرر کر دیاگیا لیکن پاکستان پیپلز پارٹی نے دبے الفاظ میں مخالفت کر دی۔ اپوزیشن نےمیثاق پاکستان معاہدہ کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا ویڈیو لنک اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں نوازشریف، بلاول بھٹو زرداری مولانا فضل الرحمان ، سردار اختر مینگل سمیت دیگر جماعتوں کے سربراہوں نے شرکت کی۔ نون لیگ کی تجویز پر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کو متفقہ طور پرپی ڈی ایم کا سربراہ مقرر کیاگیا۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف نے پی ڈی ایم کے سربراہ کے لئے مولانا کا نام تجویز کیا تو بلاول بھٹو نے کہا کہ ابھی مولانا فضل الرحمان کو سربراہ بنایا جائے لیکن ایک مدت مقرر کی جائے ۔ مولانا کی مدت پوری ہونے پر تمام اتحادی جماعتوں کو باری باری پی ڈی ایم کی سربراہی دی جائے۔

اے این پی کے امیر حیدر خان ہوتی نے بلاول بھٹوکی تجویز کی حمایت جبکہ باقی تمام جماعتوں نے بلاول بھٹوکی تجویز کی مخالفت کی۔ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی تجویز پر ہی میثاق پاکستان معاہدہ کرنے کا فیصلہ کیاگیا جس کے لیے اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس پیر کوہوگا۔

اجلاس میں نئی کمیٹی قائم کی جائے گی جو میثاق پاکستان معاہدے کی تیاری پر کام کرے گی اور پی ڈیم ایم سربراہ کی مدت کے حوالے سے بھی حتمی فیصلہ کرے گی۔

Comments are closed.