وفاقی حکومت نے سونے کی درآمد و برآمد پر پابندی ختم کر دی، حکم نامہ جاری

وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد حکومت نے سونے کی درآمد اور برآمد پر عائد پابندی ختم کر دی ہے۔ وزارتِ تجارت نے باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے قیمتی دھاتوں کی عالمی تجارت سے متعلق معطل شدہ ایس آر او کو بحال کردیا ہے۔

 حکومتی نوٹیفکیشن

حکومت نے سونے کی درآمد و برآمد سے متعلق فریم ورک برقرار رکھتے ہوئے چند ترامیم کے ساتھ اس کی بحالی کا اعلان کیا ہے۔ وزارتِ تجارت کے مطابق قیمتی دھاتوں اور زیورات کی درآمد و برآمد کا موجودہ نظام شفافیت اور خودکار طریقہ کار میں بہتری کے ساتھ جاری رہے گا۔

مئی 2025 میں سونے کی امپورٹ اور ایکسپورٹ پر پابندی عائد کی گئی تھی، جس کے تحت وزارتِ تجارت نے 6 مئی کو سونے کی عالمی تجارت کو منظم کرنے والے ایس آر او کو 60 روز کے لیے معطل کیا تھا۔

 کابینہ کا فیصلہ

ذرائع کے مطابق پابندی اس وقت لگائی گئی تھی جب سونے کی اسمگلنگ سے متعلق شکایات موصول ہو رہی تھیں۔ حکام کے مطابق حالیہ مہینوں میں اسمگلنگ کی کوئی نئی شکایت سامنے نہیں آئی، جس کے بعد وفاقی کابینہ نے پابندی اٹھانے کی منظوری دے دی۔

درآمدات کے اعداد و شمار

ادارۂ شماریات کے مطابق جون اور جولائی میں سونے کی کوئی درآمد ریکارڈ نہیں ہوئی۔ مئی میں صرف 9 کلوگرام سونا درآمد ہوا جس کی مالیت 9 لاکھ 27 ہزار ڈالر تھی، جبکہ یہ زیادہ تر وہ شپمنٹس تھیں جو ایس آر او کی معطلی سے قبل روانہ کی گئی تھیں۔ اس کے مقابلے میں جولائی 2024 میں سونے کی درآمدات 22 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی تھیں۔

 ایس آر او کی بحالی کا مطالبہ

وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت کے صدر عاطف اکرام شیخ نے وزیرِ اعظم کو خط لکھ کر جیولری ایکسپورٹ انڈسٹری کے تحفظ کے لیے ایس آر او 760 کو فوری بحال کرنے کی درخواست کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ متعدد برآمد کنندگان نے قانونی معاہدوں کے تحت خام سونا وصول کر کے آرڈرز تیار کر لیے تھے مگر اچانک نوٹیفکیشن معطل ہونے سے سپلائی چین متاثر ہوئی اور عالمی خریداروں کا اعتماد مجروح ہوا۔

Comments are closed.