اب فوج کیخلاف بات کرنے والے پر72 گھنٹے کے اندرمقدمہ درج ہوگا، وزیرداخلہ شیخ رشید

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اعلان کیا ہے کہ جب تک وہ وفاقی وزیر داخلہ ہیں، ریاستی اداروں بالخصوص مسلح افواج کے خلاف بات کرنے والے پر 72 گھنٹے میں مقدمہ درج ہوگا۔

راولپنڈی میں نادرا ایگزیکٹو سینٹر کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے پاس 2 مرتبہ اقتدار رہا اس وقت انہوں نے نیب قوانین میں ترمیم کی نہ ہی اسے ختم کیا، اب جو مرضی کر لیں نیب ختم نہیں ہوگا، کیونکہ سورج مشرق کی بجائے مغرب سے نکل سکتاہے لیکن عمران خان کرپشن کے آگے سرنڈر نہیں کرے گا۔

ریاستی اداروں پر الزام تراشی کے معاملے پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ جب تک شیخ رشید وزیرداخلہ ہے، جو شخص فوج کیخلاف بات کرےگا 72 گھنٹوں میں اُس کےخلاف مقدمہ درج ہوگا، انہوں نے کہ نواز شریف کے پاسپورٹ کی مدت 16 فروری کو ختم ہو رہی ہے، جس میں کسی صورت توسیع نہیں کی جائے گی۔

اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کی تیاریوں کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں شامل جماعتوں کے استعفے لاکر میں ہیں، پی ڈی ایم والے جھوٹ بول رہے ہیں چنیوٹ کے رکن اسمبلی کا ایک بیان سن کر آ رہا ہوں،اپوزیشن استعفے نہیں دے گی لانگ مارچ ضرور کریں گے۔اپنی بات جاری رکھتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم اپوزیشن جماعتوں کے لانگ مارچ کا انتظار کر رہے ہیں، پیر سے پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کا استقبال کرنے کی تیاری شروع کر رہے ہیں، پیر کو پولیس کے تمام انسپکٹرز جنرلز کا اجلاس بلا لیا ہے۔

اپوزیشن کی احتجاجی تحریک اور پیپلز پارٹی کے رویئے کے حوالے سے شیخ رشید احمد نے کہا کہ بلاول میرے مشورے پر عملدرآمد نہیں کررہا وہ سمجھدارہے اچھا کھیل رہا ہے، ہرسیاستدان بات چیت کاراستہ کھلارکھتا ہے،جوسیاستدان مذاکرات کا دروازہ بند کر دیتا ہے وہ کم عقل ہے، ن لیگ کی قیادت نے بدنصیبی سے ریاستی اداروں کے خلاف غیرپارلیمانی زبان استعمال کرکے اپنی مشکلات میں اضافہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے رات کو فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ سینیٹ الیکشن میں حصہ لیں گے، پیپلزپارٹی جیت گئی پی ڈی ایم نےشکست تسلیم کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے آگے گھٹنے ٹیک دیے، فضل الرحمان کا چہرہ اترا ہوا نہیں بلکہ ہوائیاں اڑی ہوئی ہیں۔مولانا فضل الرحمان قابل احترام عالم دین ہیں، وہ اسلام اور اسلام آبادمیں فرق رکھیں، اسلام کی بات کریں گے تو شیخ رشید ان کے ساتھ جان دینے کے لئے حاضر ہے لیکن اگر اسلام آباد پر چڑھائی سوچیں گے تو قانون حرکت میں آئے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان میں موجود 8 لاکھ غیرقانونی مہاجرین کے بارے میں سوچ رہے ہیں، اب تک دو لاکھ افغان شہریوں کے پاکستانی کارڈ بلاک کر دیئے گئے ہیں ملک میں 50 نادرا سینٹرز دن رات خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ 1لاکھ 37ہزار ڈپلیکیٹ شناختی کارڈز میں سے صرف 7 ہزار کو کارڈ جاری نہیں ہوں گے، ڈپلیکیٹ شناختی کارٖڈرکھنے والوں کو آپشن دے رہےہیں کہ جس کارڈ پر ان کا پاسپورٹ بنا وہ رکھ لیں۔

Comments are closed.