امریکا میں پاکستانی سفارخانے،اقوام متحدہ مشن،قونصل خانوں میں پرچم کشائی تقاریب

یوم پاکستان کے موقع پر امریکا میں پاکستانی سفارتخانے، اقوام متحدہ میں پاکستان مشن اور مختلف امریکی ریاستوں میں قائم قونصل خانوں میں پرچم کشائی کی پروقار تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔

پاکستان ایمبیسی واشنگٹن میں سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید نے پرچم کشائی کی، اس موقع پر منعقدہ تقریب میں سفارتخانے کے افسران، عملے اور ان کے اہلخانہ نے شرکت کی، تقریب میں صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

 پاکستانی سفیر نے 23 مارچ 1940 کا تاریخی پس منظر پیش کیا اور بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ سمیت بانیان پاکستان کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے  امریکا میں مقیم ہم وطنوں کو ملکی تعمیر و ترقی کے لئے مثبت کردار جاری رکھنے کی ترغیب دی۔

82 ویں یوم پاکستان کے موقع پر نیویارک میں پاکستانی قونصلیٹ جنرل اور اقوام متحدہ میں پاکستان مشن میں بھی پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا،اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر منیر اکرم نے سبز ہلالی پرچم لہرایا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان کے بانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ یہ نہ صرف پاکستان کے تصور، نظریہ سے اپنی وابستگی کی تجدید کا دن ہے بلکہ سب سے پہلے اپنے بانیوں کی دور اندیشی اور وژن کو تسلیم کرنے کا وقت ہے۔

منیر اکرم نے کہا کہ ایک آزاد قوم کی حیثیت سے ہمیں اپنی قومیت کو خود انحصاری کے اصول پر استوار کرنے کی ضرورت ہے، بدترین حالات میں زندہ رہنے کی صلاحیت، چیلنجوں کے باوجود بحیثیت قوم ہماری لچک عظمت کی وہ نشانیاں ہیں جو آزادی کے وقت متحرک ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے وجود کا پہلا اور مرکزی کام پاکستان کا تحفظ اور خوشحالی ہونا چاہیے۔

 مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان پر ہم جموں و کشمیر کے لوگوں کو نہیں بھول سکتے، کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، انہوں نے خبردار کیا کہ بے رحم بھارتی حکومت کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہے، لیکن ہمیں اپنے مسلمان بھائیوں کو ان کے ظلم سے بچانے کے لیے اس چیلنج کا سامنا کرنا ہوگا۔

نیویارک میں قونصل جنرل عائشہ علی نے شرکاء کو صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی جب کہ پاکستان کے نائب مستقل نمائندہ سفیر عامر خان نے وزیراعظم پاکستان کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ دریں اثناء شکاگو، بوسٹن، لاس اینجلس، ہیوسٹن میں قائم پاکستانی قونصل خانوں میں یوم پاکستان کے موقع پر پرچم کشائی کی تقاریب منعقد کی گئیں۔

Comments are closed.