پڑوسیوں کا بغیرتحقیق انگلی اٹھانا پاکستان کو تنہا کرنے کی کوششیں ہیں، وزیرخارجہ

ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پڑوسی ممالک کا بنا تحقیق ہم پر انگلی اٹھا دینا دنیا میں میں پاکستان کو تنہا کرنے کی کوششیں ہیں۔

ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں مزید امتحان آنے ہیں، ہمارا ایک  پڑوسی افغانستان اپنی ساری قباحتیں اور مشکلات کی ذمہ داری پاکستان پر ڈالتا تھا، عرصے سے وہاں جنگ جاری ہے، افغانستان کہتا تھا پاکستان سے دہشت گرد وہاں آ کر دہشت گردی کرتے ہیں، ایک پڑوسی ایران کا کہنا ہے کہ جنداللہ تحریک سے لوگ ایران میں آکر فساد کرتے ہیں، چین کہتا ہے کہ ای ٹی آئی ایم تنظیم چین آ کر کارروائیاں کرتی ہے، صورتحال یہ ہے کہ کوئی بھی بنا تحقیق پاکستان پر انگلی اٹھا دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مودی کی یہ سوچی سمجھی پالیسی ہے جو پاکستان کو تنہا کرنا چاہتا ہے، بھارت چاہتا ہے کہ پاکستان سفارتی طور پر تنہا ہو جائے، امریکا اب پاکستان کے بجائے بھارت کو اپنا اسڑیٹیجک اتحادی سمجھتاہے، بھارت نے بنگلادیش کا سہارا لے کر سارک کو یرغمال بنالیا، پاکستان کو تنہا کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کو گرے لسٹ میں ڈالا ہوا ہے سابق حکومت کے دور میں پاکستان گرے لسٹ میں آیا، کئی ادارے دیوالیہ ہوچکے، ملک دیوالیہ کے قریب پہنچ گیا، لیکن ان حالت سے نکلنا ہے، اس مملکت کو رہتی دنیا تک قائم رہنا ہے تاہم بہت سے اتار چڑھاؤ آئے ہیں اور آتے جاتے رہیں گے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ او آئی سی میں بھارت کو مہمان خصوصی بنایا گیا، افغانستان میں ایک ہزار ارب ڈالر خرچ ہو چکا ہے جب کہ 17 سال سے امریکا کی فوج وہاں لڑ رہی ہے تاہم نتیجہ یہ ہے کہ طاقت کے استعمال کے بجائے معاملات بات چیت سے حل ہوتے ہیں اور اسی لیے آج دوحہ میں امریکا اور طالبان مذاکرات کی میز پر بیٹھے ہیں۔

Comments are closed.