وزارت خارجہ کی قونصلرسروسز مکمل بحال۔۔۔دستاویزات تصدیق کا عمل شروع

اسلام آباد:وزارت خارجہ نے 4 ماہ بعد قونصلر سروسزمکمل طور پر بحال کر دیں، شہری اپنی دستاویزات کی دفتر خارجہ سے خود تصدیق کرا سکیں گے۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث محدود کی گئی قونصلر سروسز بحال ہونے سے دستاویزات کی تصدیق کا عمل شروع ہو گیا ہے، بیرون ممالک میں مقیم پاکستانی، ان کے اہلخانہ، طلبہ اور پاکستان میں موجود غیرملکیوں کی سہولت اور حفاظت کیلئے مناسب اقدامات کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ وزارت خارجہ نے کورونا وباء کا پھیلاؤ روکنے کے لئے واک اِن کسٹمرز کے لئے دفتر خارجہ سے دستاویزات کی تصدیق کا عمل بند کیا تھا،جس کے بعد ضروری دستاویزات کی صرف کوریئرسروس کے ذریعے تصدیق کی جا رہی تھی۔

دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق تارکین وطن، ان کے اہلخانہ اور بیرون ممالک ملازمت و تعلیم کے لئے جانے کے خواہش مند افراد اپنی دستاویزات کی تصدیق کیلئے خود قونصلرسروسزسیکشن میں آسکتے ہیں، تاہم انہیں وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔

Comments are closed.